بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے سربراہ، میجر جنرل عبدالرحیم موسوی نے ہفتۂ دفاعِ مقدس کے موقع پر ملت ایران کے نام پیغام جاری کیا ہے جس کا متن درج ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
ہفتۂ دفاعِ مقدس عظیم الشان شہیدوں اور تسلط پسند عالمی نظام کی ہمہ گیر جارحیت کے مقابلے میں ایرانی قوم کی فعال استقامت اور مزاحمت کے سنہرے باب کی یاد دلاتا ہے۔ آٹھ سالہ دفاع مقدس نہ صرف ایک روایتی جنگ بلکہ پرورش، ایمان، عزم اور ایرانی قوم کی مجموعی طاقت کے لئے ایک عظیم یونیورسٹی کی حیثیت رکھتا تھا؛ ایک ایسی یونیورسٹی جس میں اس سرزمین کے بیٹوں نے مکتب عاشورا کے مکتب سے درس لے کر، امام خمینی (رحمۃ اللہ علیہ) کی الہی قیادت اور ولی فقیه کے حکم کی اطاعت میں، کیل کانٹے سے مسلح دشمن کو ـ جو مشرق و مغرب کی استکباری طاقتوں کی حمایت اور پشت پناہی سے بہرہ ور تھا ـ تنِ تنہا گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا اور دنیا کے لئے ذہین تسدید (Smart deterrence)، مزاحمت، قربانی اور تزویراتی مقاومت کا نیا نمونہ پیش کیا۔
یہ عظیم تجربہ ایرانی قوم کے لئے ایک لازوال سرمایہ ہے جس نے عظیم تزویراتی اسباق سکھائے ہیں۔
ایمان اور توکل کا سبق، جس نے واضح کیا کہ لازوال خدائی طاقت پر بھروسہ فتح کی ضمانت ہے یہاں تک کہ غیر متوازن ترین جنگوں میں بھی۔
فعال مقاومت و مزاحمت اور خود انحصاری کا سبق، جس نے ملک کو دفاعی خودکفالت اور جدید ٹیکنالوجیز کی ترقی تک پہنچایا اور سائنسی و فوجی ترقی کا راستہ ہموار کیا۔
اتحاد اور قومی یکجہتی کا سبق، جس نے ثابت کیا کہ قوم، قیادت اور مسلح افواج کے درمیان تعلق ہر خطرے کو قومی عظمتیں بلند کرنے کا موقع میں تبدیل کرتا ہے۔
مزاحمت، قربانی اور ایثار کا سبق، جس نے ثابت کیا کہ اسلام کے مجاہدین کا الہی عزم، عالمی استکبار کے مقابلے میں، میدان میں فتح یاب ہوتا ہے۔
دفاع مقدس کے اسی روشن راستے کے تسلسل میں، 12 روزہ مسلط کردہ جنگ اور اسلامی جمہوریہ ایران اور اسلامی مقاومت کے مرکز پر طفل کُش اور نسل پرست صہیونی ریاست اور جرائم پیشہ اور جنگ پرست امریکہ کی کھلی جارحیت کا مقابلہ ان ہی اسباق اور اسی فتح کا ایک نیا مظہر تھا۔ اس جارحیت کے مقابلے میں فتح، ـ جس کا مقصد مقدس اسلامی جمہوری نظام کی قومی یکجہتی اور ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچانا تھا، ـ نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ ایران اور ایرانی قادر مطلق خدا پر بھروسہ کرتے ہوئے؛ دانشمند، بہادر اور دوراندیش قیادت کی نعمت سے بہرہ ور ہو کر؛ مقامی فوجی و دفاعی طاقت اور علاقائی صلاحیتوں کے ذریعے، ذہین تسدید اور تباہ کن اور متناسب جواب کے ساتھ دشمن کو پہلے ہی قدموں میں ناکام بنا دیتے ہیں۔ اس واقعے نے دشمنوں اور معاندوں کے محاذ کو ایک واضح پیغام دیا۔
ایران نہ صرف انعالیت (Passiveness) کا شکار نہیں ہوتا نہیں رہتا بلکہ ہر خطرے کو قومی، علاقائی اور بین الاقوامی طاقت کے مظاہرے کا موقع بنا دیتا ہے اور دشمن کے اندازوں اور فارمولوں کو درہم برہم کر دیتا ہے۔
یہ سبق آموز اور قیمتی تجربات ہمیں ہمہ گیر دفاع کو مضبوط بنانے، جدید اور ترقی یافتہ دفاعی ٹیکنالوجیز کو فروغ دینے، اور تسدیدی صلاحیت کو مضبوط کرنے، مرکب جنگ (Hybrid warfare) خاص طور پر دشمن کی ادراکی جنگ (Cognitive warfare) کا مقابلہ کرنے کی تیاری کی طرف بلاتے ہیں۔
ہم عظیم اور بہادر ایرانی قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج اپنی صلاحیتوں، جدتوں، ایحادات اور تزویراتی حیرت انگیزیوں پر انحصار کرتے ہوئے، دنیا کے جابروں اور ظالموں کی کسی بھی جارحیت کا بروقت، فیصلہ کن، پشیمان کن اور تصور سے ماوراء جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔
اس راہ میں مستعد، با بصیرت، با بصیرت اور ان تھک اہلکاروں، اور مسلح افواج کے کارکنان کے صابر و شاکر خاندانوں کا کردار بھی عدیم المثال اور میدان کا حامی و پشت پناہ ہے۔
عظیم شہیدوں، جانبازوں اور جانبازوں کے خاندان ایثار اور مزاحمت کی ثقافت کے علمبردار ہیں اور مجاہدین کے لئے ان کی حمایت مزاحمت اور قومی طاقت کے جسم میں نئی روح پھونکتی ہے اور ملک کی عظمت اور استحکام کے تسلسل کی ضمانت ہے۔
خدا کے فضل اور ولایت و قیادت کے عظیم مقام اور کمانڈر ان چیف حضرت امام خامنہ ای (مدظلہ العالی) کی دانشمندانه زعامت کے سائے میں، اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج اپنی مرکب قوت (Hybrid power) اور قومی یکجہتی کے ساتھ، تیار ہیں کہ گذشتہ نصف صدی کی طرح ـ بلکہ اس سے بھی زیادہ، ـ ہر 'خطرے' کو بالیدگی، ترقی اور قومی سلامتی و عظمت کی کو تقویت دینے اور خطے اور دنیا کے تزویراتی توازن میں اسلامی ایران کا مقام بلند کرنے کے مواقع میں بدل دیں۔
ہم انقلاب اسلامی اور آٹھ سالہ اور 12 روزہ دفاع مقدس کے شہیدوں، ـ خاص طور پر شہید کمانڈروں محمد باقری، غلام علی رشید اور حسین سلامی اور حالیہ مسلط کردہ جنگ میں اسلامی ایران کے دیگر شہدائے عظمت کے تاریخی اور شاندار ناموں، یادوں اور کارناموں کو خراج عقیدت و تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کی پاک روحوں پر درود و سلام بھیجتے ہوئے کامل عاجزی اور خشوع کے ساتھ خدائے متعال کی درگاہ میں التجا کرتے ہیں کہ وہ ہمارے پیارے ایران کی عقلمند اور متحد قوم اور ملک کی طاقتور مسلح افواج کو ان کے بلند نظریات کی پیروی کرنے اور ایک ایسی تہذیب کی طرف گامزن ہونے کی توفیق عطا فرمائے جو خورشیدِ ولایت کے طلوع [ظہور امام زمانہ(ع)] کی راہ ہموار کرے۔
مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کا سربراہ
میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی
ستمبر 2025ع
آپ کا تبصرہ